کابل – افغانستان کے ایلیٹ پینل کے سینئر امپائر بسمہ اللہ جان شنواری انتقال کر گئے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (ACB) نے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بورڈ کے مطابق، بسمہ اللہ جان شنواری کچھ عرصے سے علیل تھے اور اُن کی عمر 41 برس تھی۔ وہ افغانستان کرکٹ میں ایک معتبر اور تجربہ کار نام کے طور پر جانے جاتے تھے۔
شنواری نے اپنے کیریئر کے دوران 34 ون ڈے اور 26 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کی۔ ان کے ڈومیسٹک کیریئر کی فہرست بھی خاصی طویل ہے جس میں 31 فرسٹ کلاس، 51 لسٹ اے اور 96 ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں، جہاں انہوں نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے۔
افغان کرکٹ بورڈ نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بسمہ اللہ جان شنواری نے امپائرنگ کے میدان میں انتہائی پیشہ ورانہ طرز عمل اپنایا اور کرکٹ کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔ ان کے انتقال کو افغان کرکٹ کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا گیا ہے۔
کرکٹ برادری، کھلاڑیوں اور مداحوں کی جانب سے ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
Ask ChatGPT