شوشا، آذربائیجان – نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات ای سی او اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی، جہاں اسحاق ڈار کی سفارتی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے آذربائیجان کو اجلاس کی کامیاب میزبانی پر مبارکباد پیش کی اور تنظیم میں اس کے فعال اور مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی قیادت نے خطے میں اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے قابل قدر اقدامات کیے ہیں، جو قابل تحسین ہیں۔
دونوں وزرائے خارجہ نے توانائی، تجارت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق، مستقبل قریب میں دونوں ممالک مشترکہ منصوبوں اور تجربات کے تبادلے کو مزید گہرا بنانے پر بھی کام کریں گے۔
اسحاق ڈار کی آذربائیجان میں قیام کے دوران دیگر اہم علاقائی اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں عالمی امور اور خطے کی جغرافیائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات کی عکاس ہے، جو مستقبل میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کی بنیاد فراہم کرے گی۔