شوشا، کاراباخ – وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے 17ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ دورے پر آذربائیجان کے تاریخی شہر شوشا، کاراباخ پہنچ گئے۔ اس دورے کے دوران وہ اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کریں گے اور علاقائی و اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم کی آمد پر فذولی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ آذربائیجان کے وزیر ثقافت عادل کرملی، آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر خضر فرہادوف، پاکستان کے آذربائیجان میں سفیر قاسم محی الدین، اور دیگر اعلیٰ حکومتی و سفارتی حکام نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف شوشا سے خانکندی روانہ ہوں گے، جہاں وہ ECO کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور اہم خطاب بھی کریں گے۔ ان کا خطاب علاقائی ترقی، تجارت، رابطوں کے فروغ، اور تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے نکات پر مبنی ہوگا۔
یہ اجلاس “پائیدار اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ مستقبل کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کا نیا وژن” کے موضوع پر منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی ترقی، ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس، اور رکن ممالک کے مابین پائیدار تعاون کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔