ترکیہ 2024 میں جی 20 ممالک میں سب سے تیز اقتصادی ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے ۔ معاشی تعاون و ترقی کی تنظیم کے مطابق، ترکیہ کی معیشت نے دوہزار چوبیس کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں چوتھی میں 1.7% کی ترقی حاصل کی، جو عالمی سطح پر سب سے نمایاں رہی۔ جی 20 ممالک کی معیشتوں میں اوسطاً 0.9% کا اضافہ ہوا، لیکن ترکیہ نے ان سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ ترقی کی۔ چین اور انڈیا نے بھی 1.6% کی ترقی حاصل کی، جبکہ انڈونیشیا نے 1.2% کی ترقی کی۔ دوسری طرف، امریکہ کی معیشت نے 0.6% کی ترقی کی، اور یورپی یونین کے ممالک میں صرف 0.4% کا اضافہ ہوا۔
جرمنی اور فرانس نے اس دوران منفی ترقی دیکھنے کو ملی، جہاں جرمنی کی معیشت 0.2% کم ہوئی اور فرانس میں 0.1% کی کمی آئی۔ اس کے ساتھ ساتھ میکسیکو کی معیشت نے 0.6% کا سکڑاؤ دیکھا۔
ترکیہ کی معیشت 2024 میں 1.32 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی ، اور فی کس آمدنی 15,463 ڈالر ہو گئی تھی ۔ یہ اعداد و شمار 2023 کے مقابلے میں ایک اہم ترقی کی علامت ہیں، جب ترکیہ کی معیشت کا حجم 1.13 ٹریلین ڈالر تھا اور اس میں 5.1% کی ترقی ہوئی تھی۔
ترکیہ کی حکومت کی توقع ہے کہ 2025 میں معیشت کی شرح نمو 4% تک پہنچ جائے گی، جس سے معیشت کا حجم 1.47 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا اور فی کس آمدنی 17,028 ڈالر تک بڑھ جائے گی۔ حکومتی پیش گوئیوں کے مطابق، 2026 میں 4.5% کی شرح نمو متوقع ہے اور 2027 میں یہ 5% تک پہنچ جائے گی۔ ان پیش گوئیوں کے مطابق، ترکیہ کی معیشت کا حجم 1.64 ٹریلین ڈالر سے بڑھ کر 1.77 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گا، اور فی کس آمدنی 18,990 ڈالر سے بڑھ کر 20,420 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔