ترکیہ کے ایک معروف سائنسی منصوبے کے تحت پروفیسر سردار قراقرت (Serdar Karakurt) نے ایک نیا بچھو دریافت کیا ہے، جسے Scorpio Karakurdi کا نام دیا گیا ہے۔ یہ بچھو کی نوع ایک نادر اور زہریلی نوع ہے- پروفیسر سردار کاراکورٹ، جو سیلچوک یونیورسٹی (Selçuk University) کے بایوکیمسٹری کے شعبہ میں تدریس کر رہے ہیں، نے اپنے ساتھی پروفیسر ارسن ایڈن یغمور (Ersen Aydın Yağmur) کے ہمراہ اس بچھو کی دریافت کی۔ دونوں سائنسی محققین نے اس نئی نوع کی تفصیلی تحقیق کی اور اسے سائنسی ادبیات میں شامل کیا۔
پروفیسر کاراکورٹ نے انادولو ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا بچھو دوسرے بچھووں کے مقابلے میں چھوٹا ہے، اور چھوٹے سائز کے بچھوؤں میں زہر کی مقدار زیادہ پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس بچھو کے زہر میں مختلف قسم کے پروٹین پائے گئے ہیں، جو انسانی خلیات میں اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ پروفیسر نے اس زہر کے طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا یہ زہر خاص پروٹین پر مشتمل ہے جو انسانی خلیات میں داخل ہو کر بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس زہر کا اثر خود زہر سے نہیں بلکہ اس میں موجود فعال پروٹین سے ہوتا ہے۔
پروفیسر کاراکورٹ نے ایک دوسرے تحقیقی منصوبے کا بھی ذکر کیا جو ترکیہ کے سائنسی اور ٹیکنالوجی تحقیقاتی ادارہ TÜBİTAK کے مالی تعاون سے چل رہا ہے۔ اس منصوبے میں بچھو کے پروٹین کے اثرات کو انسانی کینسر پر آزمایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا: ہم نے اس پروٹین کو انسانی کالون کینسر، پھیپھڑوں کے کینسر اور جگر کے کینسر پر آزمایا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ یہ کالون کینسر کے علاج میں مؤثر ثابت ہوتا ہے۔