صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ یورپ کی سیکیورٹی ترکیہ کے بغیر ناممکن ہے، اور ترکیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کو ایک اسٹریٹجک ترجیح قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ یورپ کا ایک ناقابلِ فراموش حصہ ہے اور یورپ کی سیکیورٹی ترکیہ کی موجودگی کے بغیر ناممکن ہے۔ انقرہ میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایردوان نے ترکیہ کی یورپی یونین میں شمولیت کے عمل پر زور دیا اور انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے دہرے معیار پر تنقید بھی کی۔ انہوں مزید کہا کہ ترکیہ ایک طاقتور یورپی ملک ہے اور اسے یورپی یونین کا مکمل رکن بننا چاہیے۔
صدر ایردوان نے خطے کی سیکیورٹی کے چیلنجز پر بھی بات کی، خاص طور پر اسرائیل اور فلسطین کے تنازعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی سیکیورٹی اس وقت تک یقینی نہیں بنائی جا سکتی جب تک 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں ایک اسلامی ملک کو ویٹو پاور دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایردوان نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ یورپ کی مکمل اور جامع تعاون سے نہ صرف یورپ کے مسائل حل ہو سکتے ہیں بلکہ خطے میں استحکام مزید بہتر ہوگا۔