پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تاشقند میں اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں میں سائنس و ٹیکنالوجی، نوجوانوں کے امور، سفارتی پاسپورٹس اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ سمیت کئی اہم شعبے شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ چار برس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت کے حجم کو 4 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ ہو۔ دونوں رہنماؤں نے ’’ازبکستان افغانستان پاکستان‘‘ ریلوے منصوبے کی اہمیت پر بھی بات کی، جو کہ خطے میں تجارت اور روابط کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
اس دورے کے دوران، وزیراعظم نے ازبکستان کی مقامی مصنوعات کے صنعتی یونٹس کا دورہ کیا اور وہاں کی ترقیاتی ماڈل کو پاکستان میں اپنانے پر بھی گفتگو کی۔ دونوں ممالک نے سیاحت، معدنیات، اور اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بھی مختلف اقدامات پر بات کی۔ یہ دورہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط میں مزید بہتری آئے گی۔