انقرہ میں حکومتی جماعت انصاف و ترقی پارٹی (اے کے پارٹی) کے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکیہ اپنی تاریخ، ثقافت اور قدیم ریاستی روایات سے ورثے میں ملنے والی دولت کے ساتھ دنیا بھر میں اہمیت حاصل کر رہا ہے۔ ایردوان نے کہا کہ ہم تیزی سے اپنے ملک کو وہ طاقت اور عظمت دے رہے ہیں جس کا ہم خواہاں ہیں۔
صدر ایردوان نے اپنی حالیہ سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالی، جن میں منگل کے روز انقرہ میں شامی صدر احمد الشرع سے ملاقات شامل تھی، جس میں سیکیورٹی، تعمیر نو، تجارت اور دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ ایردوان نے مزید کہا کہ انہوں نے عالمی رہنماؤں سے کئی ملاقاتیں کی ہیں، جن میں روانڈا کے صدر پال کاگامی اور فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے نمائندوں سے بات چیت بھی شامل ہے۔ اس دوران، صدر ایردوان نے بدھ کے روز انقرہ میں جرمن صدر فرانک والٹر اسٹائن میئر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ شام، غزہ اور یوکرین کی جنگ جیسے اہم علاقائی مسائل پر جرمنی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔