سعودی عرب کی ریفری کمیٹی نے ترک ریفری حلیل اوموت میلر کو سعودی پرو لیگ میں میچوں کی نگرانی کرنے سے روک دیا ہے۔ کمیٹی کے سربراہ، مینوئل ناوارو، نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ “اگر کوئی ریفری میچ کے دوران بڑی غلطی کرتا ہے تو ہم اُس کے ساتھ کام نہیں کریں گے، اور حلیل اوموت میلر کو ہمارے کسی بھی میچ میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ حالیہ متنازعہ فیصلوں کے بعد کیا گیا ہے، جو کہ سعودی عرب میں ایک میچ کے دوران سامنے آئے تھے۔
الہلال اور الشباب کے میچ میں میلر نے الشباب کے نادر عبداللہ الشہری اور الہلال کے کالیدو کولیبالی کو ریڈ کارڈز دکھائے تھے۔ اسی میچ میں میلر نے الشباب کا ایک گول بھی رد کیا تھا، جس کے بعد الشباب نے ریفری کے خلاف کمیٹی میں شکایت درج کرائی تھی۔
اس سے قبل، میلر ترک کلب انکاراگوجو اور ریزسپور کے درمیان میچ کے بعد بھی سرخیوں میں آئے تھے، جب انکاراگوجو کے صدر فاروق کوچا نے ریفری میلر پر حملہ کیا تھا۔ کوچا نے آخری سیٹی بجنے کے بعد میلر کو منہ پر گھونسہ مارا تھا، جس سے عالمی فٹ بال کمیونٹی میں شدید ردعمل آیا تھا۔