ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ٹیلی فون پر شام کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے شام میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ فیدان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ موقع پر حکومت کو حقیقت پسندانہ پالیسی اپناتے ہوئے اپوزیشن سے بات چیت شروع کرنی چاہیے اور سیاسی عمل کا آغاز کرنا چاہیے۔
انہوں نے خطے کے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اس عمل میں تعمیری کردار ادا کریں۔ فیدان نے یہ بھی کہا کہ دہشت گرد تنظیموں جیسے PKK اور داعش کو شام میں افراتفری سے فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں دینا چاہیے۔ مزید برآں، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ملکیت کیمیکل ہتھیاروں کو خطے کے لیے خطرہ بننے سے روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہیے۔ فیدان نے انسانی امداد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے اس سلسلے میں مطلوبہ امداد فراہم کی ہے۔