ترکش ایروسپیس کان بزنس ڈویلپمنٹ سٹرٹیجیز کے چیف اور ترکیہ کے ہیلتھ منسٹر کے سابق مشیر فرحت کوتلو جان کی ویڈیو میں پاکستان اور ترکیہ کے لازوال بھائی چارے کی کہانی کو بہت ہی خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے ۔یہ ایک تاریخی رشتہ ہے جو قربانیوں، محبت اور قائدانہ کردار سے جڑا ہوا ہے۔
ترکیہ اور پاکستان کا دنیا بھر میں ایک مثالی رشتہ ہے، جو تاریخ کی ناقابل فراموش قربانیوں سے جڑا ہوا ہے۔ اس رشتے کو علامہ محمد اقبال اور محمد علی جناح جیسے رہنماؤں کی محبت، بصیرت اور قائدانہ کردار سے تقویت حاصل ہوئی تھی جو ابھی تک پھل پھول رہی ہے۔ فرحت کتلوجان کی ویڈیو اس لازوال تعلق کو نئی روشنی میں پیش کرتی ہے، جس میں ان تاریخی واقعات کی گہری تفصیل ہے جو دونوں قوموں کے اتحاد اور قربانیوں پر روشنی ڈالتی ہے۔
1915 میں چناق قلعے کی جنگ کے دوران، جب ترک سپاہی اپنی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ دے رہے تھے، اس وقت 6,000 کلومیٹر دور لاہور کے مسلمانوں نے اپنے ترک بھائیوں کی مدد کے لیے ایک تاریخی ریلی نکالی ۔ لاہور کے مسلمانوں نے اپنی بڑی تعداد میں تُرک بھائیوں کیلئے عطیات جمع کیے، عورتوں نے اپنے زیورات یہاں تک کہ کان کی بالیاں تک تُرک قوم کے نام کر دیں۔ پاکستانی مسلم بھائیوں نے اپنے مشکل وقت کے لیے جو کچھ جمع کر رکھا تھا، وہ سب تُرک بھائیوں کی محبت میں عطیہ کر کے ایک لازوال داستان کی بنیاد رکھی۔
چناق قلعے کی جنگ کے دوران لاہور میں نکالی جانے والی ریلی میں علامہ اقبال نے اپنے پُراثر الفاظ اور اشعار کے ذریعے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے عزت، ضمیر، اور قربانی کو امت کی سربلندی کے لیے لازمی عناصر کے طور پر پیش کیا۔ ان کے اشعار نے مسلمانوں میں اتحاد و یکجہتی کی روح بیدار کی اور شرکاء کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔
فرحت کوتلو جان کی ویڈیو میں اس تاریخی بھائی چارے کو جدید دور میں بھی اجاگر کیا گیا ہے، جہاں ترکیہ کی حمایت آج بھی کشمیر جیسے مسائل میں نمایاں نظر آتی ہے۔ چناق قلعے کی جنگ کے شہداء اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کیا جائے گا۔
یہ رشتہ نہ خون کی بنیاد پر ہے، نہ مفادات پر، بلکہ یہ دلوں کی محبت، وفاداری اور ایمان پر مبنی ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کا یہ لازوال تعلق ہمیں اتحاد، قربانی اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ فرحت کتلوجان کی اس ویڈیو نے اس رشتہ کو مزید مضبوط بنانے میں مدد فراہم کی ہے، اور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ محبت اور اتحاد کی طاقت دنیا میں سب سے بڑی ہے۔
آئیے، اس تاریخی رشتے کو مضبوط کرتے رہیں اور دنیا کے سامنے محبت اور اتحاد کی مثال قائم کریں!