ترکیہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نعمان قورتلمش نے غازی مصطفی کمال اتاترک کی 86ویں برسی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔اپنے جاری کردہ پیغام میں قورتلمش نے کہا، “ہم ترکیہ قومی اسمبلی کے پہلے اسپیکر اور جمہوریہ ترکیہ کے بانی غازی مصطفی کمال اتاترک کو ان کی وفات کی 86ویں برسی پر احترام سے یاد کر رہے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریہ ترکیہ کی قومی جدوجہد اور ایک آزاد و مضبوط ترکیہ کے خواب کے بانی مصطفی کمال اتاترک کو یاد کرتے ہوئے ہم ان کی شخصیت کے توسط سے اپنی آزادی اور مستقبل کے لیے جانیں نچھاور کرنے والے تمام شہداء اور غازیوں کے لیے دعائے رحمت و مغفرت کرتے ہیں۔ اس موقع پر ہم اپنے عزم کو دہراتے ہیں کہ ہم اپنی قومی یکجہتی، آزادی کے جذبے، اور خودمختاری کا تحفظ کریں گے اور اپنی جمہوریت اور ملک کو مزید ترقی کی جانب لے جائیں گے۔