امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے واضح کیا ہے کہ ترکیہ اپنی سلامتی کے تحفظات کے لیے کاروائی کرنے کا حق رکھتا ہے ۔ ترجمان بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائیڈر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ترک فضائیہ نے توساش پر حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد شمالی شام میں دہشت گرد تنظیم پی کے کے/وائی پی جی کے ٹھکانوں پر کارروائی کی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے تناظر میں ترکیہ اور امریکہ کے وزرائے دفاع کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنما ایک دوسرے کی حمایت کے لیے کھلی مواصلاتی رابطہ قائم رکھنے کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں۔رائیڈر نے ترکیہ کی سلامتی کے تحفظات کو دوبارہ تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پی کے کے کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اچھا رابطہ برقرار ہے، اور یہ سلسلہ جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ترک وزیر دفاع یشار گولیر نے کل امریکی وزیر دفاع لائیڈ جیمز آسٹن سے بات چیت کی، جس میں دوطرفہ اور علاقائی دفاعی اور سلامتی کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔