استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کے روز امریکہ۔اسرائیل اور ایران کے درمیان گزشتہ رات اعلان کی گئی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔صدر اردوان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "این سوشیل" پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس بات کے خواہاں ہیں کہ جنگ بندی پر زمینی سطح پر مکمل عمل ہو اور کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی یا تخریب کاری کا موقع نہ دیا جائے۔انہوں نے جنگ بندی تک پہنچنے کے عمل میں شامل تمام فریقین کو مبارکباد پیش کی، بالخصوص پاکستان کو اپنا دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو سراہا۔صدر اردوان نے کہا کہ یہ ان کی دلی خواہش ہے کہ وہ خطہ جو طویل عرصے سے جنگوں، تنازعات، کشیدگی اور ظلم و ستم کا شکار رہا ہے، جلد امن، سکون اور استحکام حاصل کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ اپنے خطے اور دنیا بھر میں امن کی آواز بلند کرتا رہے گا۔