استنبول/انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی عارضی جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے۔ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عارضی جنگ بندی پر زمینی سطح پر مکمل عملدرآمد نہایت ضروری ہے، اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ تمام فریقین طے شدہ معاہدے کی پاسداری کریں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پائیدار امن کا حصول صرف مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی اعتماد کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ترکیہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ترکیہ نے اس عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے امن کے فروغ کے لیے جاری تمام کوششوں کے تسلسل کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔دوسری جانب ترک نائب صدر جودت یلماز نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے بیان میں اس پیش رفت کو علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ عارضی جنگ بندی کے دوران فریقین کو کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے اور دانشمندی سے اس عمل کو آگے بڑھانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی توقع یہی ہے کہ یہ عمل خطے میں دیرپا امن کا باعث بنے گا۔جودت یلماز نے مزید کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ اپنی کثیرالجہتی امن سفارت کاری جاری رکھے گا اور جنگ کے بعد کے دور میں اپنے "محفوظ پناہ گاہ" کے کردار کو مزید مضبوط بنائے گا۔