ترکیہ لیبیا بحری معاہدہ عالمی قوانین کے تحت مکمل قانونی ہے، حاقان فیدان

ترکیہ لیبیا بحری معاہدہ عالمی قوانین کے تحت مکمل قانونی ہے، حاقان فیدان

استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ 2019 میں لیبیا کے ساتھ طے پانے والا بحری معاہدہ بین الاقوامی قوانین اور سیاسی نقطۂ نظر سے مکمل طور پر جائز ہے، اس کی قانونی حیثیت پر بحث کی ضرورت نہیں۔برسلز کے دورے کے دوران ترک خبر رساں ادارے اناطولیہ سے گفتگو کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ یہ معاہدہ قانونی اور سیاسی دونوں اعتبار سے درست ہے اور اس معاملے پر مزید بحث کی کوئی ضرورت نہیں۔ان کا یہ بیان لیبیا کی مجلسِ نمائندگان کی جانب سے ترکیہ اور لیبیا کے درمیان بحری حدود کے تعین سے متعلق 2019 کی مفاہمتی یادداشت قبول کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ترک وزیر خارجہ نے اس پیش رفت کو صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں اختیار کی گئی خارجہ پالیسی کی ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ ترکیہ کی اس پالیسی کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد باہمی مفادات پر مبنی تعاون کے ذریعے امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔حاقان فیدان نے کہا کہ لیبیا کے عوام کی جانب سے ترکیہ پر کیا جانے والا اعتماد اور اس معاہدے کے نتیجے میں مشرقی بحیرۂ روم میں متوقع استحکام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دیگر ممالک کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ بعض حکومتوں نے حالات کے باعث ردعمل دینا ضروری سمجھا، جبکہ کچھ ممالک کو اس معاملے پر حقیقی تزویراتی تحفظات لاحق ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.