استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کا گہرے سمندر میں ڈرلنگ کرنے والا جہاز صومالیہ پہنچ گیا ہے، جو ایک تاریخی مشن کا آغاز ہے اور بیرونِ ملک ترکیہ کی پہلی گہرے سمندر میں کھدائی کی کارروائی کی علامت ہے۔ترک وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "این سوشیل" پر اپنے بیان میں کہا کہ "چاغری بے" نامی جہاز اپنے تاریخی مشن کے لیے صومالیہ پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ترکیہ اور صومالیہ دونوں کی توانائی کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔ بایراکتار نے مزید کہا کہ ترکیہ اپنی پہلی بیرونِ ملک گہرے سمندر میں ڈرلنگ مہم کا آغاز کر رہا ہے اور اس سلسلے میں کامیابی کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہے۔ترک وزارت توانائی کے مطابق "چاغری بے" صومالیہ کے ساحل کے قریب کوراد-1کنویں پر کھدائی کرے گا، جہاں تقریباً 7,500 میٹر (24,600 فٹ سے زائد) گہرائی تک 288 دنوں کے دوران کام کیا جائے گا۔وزارت نے اس مہم کو ترکیہ کی جانب سے بیرونِ ملک پہلی گہرے سمندر میں تلاش و کھدائی کی سرگرمی قرار دیا ہے۔الپ ارسلان بایراکتار نے رواں ماہ کے آغاز میں کہا تھا کہ یہ جہاز جمعہ کے روز صومالیہ پہنچے گا اور اس کے ساتھ ہی ترکیہ افریقہ کے ہارن آف افریقہ کے پانیوں میں اپنی پہلی آف شور ڈرلنگ کارروائی شروع کرے گا۔