ترکیہ اور یورپی یونین میں تجارتی مذاکرات، کسٹمز اور سرمایہ کاری امور زیر غور آئیں گے
انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات منگل کو دو روزہ دورے پر برسلز روانہ ہوں گے، جہاں یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی معاہدوں پر بات چیت کی جائے گی۔ترک وزیر کے دورے کے دوران ترکیہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ سطحی تجارتی مذاکرات کا تیسرا اجلاس ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت عمر بولات اور یورپی یونین کے تجارت و اقتصادی سلامتی کے کمشنر ماروش شیفچووچ کریں گے۔اجلاس میں کسٹمز یونین سے متعلق جاری اختلافات، ماحول دوست اور ڈیجیٹل شعبوں میں تبدیلیوں اور یورپی یونین کی مجوزہ صنعتی ترقیاتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر سرکاری خریداری، ڈیجیٹل تجارت اور تجارتی تحفظ کے اقدامات سے متعلق امور پر بھی مشاورت ہوگی۔دورے کے دوران ترکیہ اور یورپی یونین کے کاروباری نمائندوں کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس کی صدارت دونوں عہدیدار مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس میں سرحد پار برقی تجارت کو درپیش عملی مشکلات اور سرمایہ کاری کے لیے زیادہ مستحکم اور قابلِ پیش گوئی ماحول پیدا کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔