ترکیہ کا مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی شدید مذمت

ترکیہ کا مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی شدید مذمت

استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ نے اسرائیلی وزیر کی جانب سے ایک انتہا پسند گروہ کے ہمراہ اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے تحفظ میں مسجد اقصیٰ پر کیے گئے دھاوے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیر کا انتہا پسند گروہ کے ہمراہ اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی نگرانی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہونا ناقابل قبول ہے، جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے اشتعال انگیز اقدامات اور ایسے یکطرفہ فیصلوں کو روکنے کے لیے مشترکہ ذمہ داری ادا کرے جو یروشلم کے مقدس مقامات، بالخصوص مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی عبادت کے لیے مخصوص مقدس مقام ہے اور اس کے تاریخی و قانونی تشخص کا تحفظ ضروری ہے۔دوسری جانب اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح 3 ہزار 200 سے زائد اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے احاطے پر دھاوا بولا۔ یہ کارروائی یہودی تہوار تیشا باؤ کے موقع پر کی گئی، جس میں وہ اپنے دعوے کے مطابق "معبد کی تباہی" کی یاد مناتے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.