ترکیہ کا یونان سے تھریس میں منتخب مفتیوں کو تسلیم کرنے کا مطالبہ

ترکیہ کا یونان سے تھریس میں منتخب مفتیوں کو تسلیم کرنے کا مطالبہ

انقرہ( تر کیہ خبر) ترکیہ نے کہا ہے کہ یونان مغربی تھریس میں ترک اقلیت کے بنیادی حقوق اور مذہبی آزادیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے کوموتینی اور زانتی میں مفتیوں کی تقرری جاری رکھے ہوئے ہے۔ترک وزارت خارجہ نے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ یونان علاقے میں نام نہاد مفتیوں کی تقرری کرکے لوزان امن معاہدے اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت اقلیت کو حاصل حقوق اور آزادیوں کو مسلسل نظرانداز کر رہا ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق مفتی کا ادارہ مغربی تھریس کی ترک اقلیت کی مذہبی، سماجی اور ثقافتی شناخت کا لازمی حصہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یونان میں باضابطہ طور پر تسلیم شدہ اقلیت کے منتخب مفتیوں کو تسلیم کرنے سے انکار کرکے یونانی حکام اقلیت کی رائے اور مذہبی آزادی کو نظرانداز کر رہے ہیں، جو بنیادی انسانی حقوق کے حوالے سے ان کے غیر منصفانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے۔ترک وزارت خارجہ نے یونانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اقلیت کے منتخب کردہ جائز مفتیوں کو تسلیم کریں اور اپنی مرضی کے مفتی مسلط کرنے کی کوششیں بند کریں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.