استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ نے بعض ممالک کی جانب سے 1915 کے واقعات سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ترکیہ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی قفقاز میں امن اور مفاہمت کا ابھرتا ہوا ماحول ان عناصر کے لیے واضح جواب ہے جو خطے میں تاریخی معاملات کو بنیاد بنا کر دشمنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض ممالک کے سیاستدان اس مسئلے کو اپنے محدود سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں یا اپنی ذمہ داریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اسے ایک ذریعہ بناتے ہیں۔انقرہ نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ترکیہ تاریخی تحقیق اور شفافیت کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے اور صدیوں سے بقائے باہمی کی ایک مضبوط مثال رہا ہے۔ترکیہ نے اس حوالے سے مشترکہ تاریخی کمیشن کے قیام کی اپنی تجویز کا بھی اعادہ کیا تاکہ 1915 کے واقعات کا غیر جانبدارانہ اور منصفانہ جائزہ لیا جا سکے۔بیان میں عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے خطے میں مکالمے اور مثبت فضا کو فروغ دینے میں مدد دے۔