انقرہ( ترکیہ خبر)ویٹی کن میں ترکیہ کے سفیر فخرالدین آلتون نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے ترکیہ کی سفارتی کوششیں اور ویٹی کن کی انسانی ہمدردی پر مبنی سرگرمیاں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں، جبکہ اہم بین الاقوامی معاملات پر دونوں فریقین کے درمیان وسیع ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔فخرالدین آلتون، جنہیں مارچ میں صدر رجب طیب اردوان نے ویٹی کن میں ترکیہ کا سفیر مقرر کیا تھا، نے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد دوطرفہ تعلقات اور سفارتی ترجیحات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویٹی کن میں ترکیہ کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور ویٹی کن کے تعلقات ایک مضبوط اور طویل تاریخی بنیاد پر قائم ہیں، جو باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔فخرالدین آلتون کے مطابق ترکیہ کی خارجہ پالیسی عالمی بحرانوں کے حل کے لیے بااثر عالمی قوتوں کے ساتھ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے غزہ، روس۔یوکرین تنازع اور ایران۔امریکا کشیدگی جیسے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویٹی کن بھی ان اہم عالمی کرداروں میں شامل ہے جو امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوپ نہ صرف ویٹی کن ریاست کے سربراہ ہیں بلکہ دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب چالیس کروڑ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا بھی ہیں، جس کے باعث عالمی سطح پر ان کا اثر و رسوخ خاص اہمیت رکھتا ہے۔سفیر نے مزید کہا کہ ویٹی کن بھی ترکیہ کو ایک اہم علاقائی اور عالمی قوت کے طور پر دیکھتا ہے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ ان کے بقول پوپ لیو چہاردہم کی جانب سے ترکیہ کو اپنے پہلے سرکاری غیر ملکی دورے کے لیے منتخب کرنا دونوں فریقین کے تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔فخرالدین آلتون نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سفارت خانہ مستقبل میں بھی دونوں فریقوں کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے، امن، ماحولیات کے تحفظ اور انسانی اقدار کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے اور ویٹی کن کے حلقوں میں ترکیہ کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا۔
ترکیہ اور ویٹی کن عالمی امن کے لیے مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں، فخرالدین آلتون
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ