ترکیہ اور شام کا ثقافتی مراکز کے قیام پر معاہدہ
دمشق، شام / استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ اور شام نے دونوں ممالک میں ثقافتی مراکز کے قیام، انتظام اور سرگرمیوں سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔معاہدے کے تحت ترکیہ کے ثقافتی مراکز پورے شام میں کام کر سکیں گے، جہاں بنیادی طور پر ترک زبان کے کورسز کا انعقاد اور ترک ثقافت کے فروغ کے لیے سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔دمشق میں ترکیہ کے سفیر نوح یلماز نے خبر رساں ادارے اناطولو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے صدور کی سیاسی خواہش کے مطابق ترکیہ اور شام کے تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ضروری قانونی ڈھانچہ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ادارہ جاتی اور قانونی بنیادوں پر مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ترکیہ کے یونس ایمرے ثقافتی مراکز، جو 14ویں صدی کے معروف شاعر یونس ایمرے کے نام سے منسوب ہیں، جنگ سے قبل دمشق اور حلب میں فعال تھے، تاہم 2011 میں تنازع شروع ہونے کے بعد ان کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں۔