ترکیہ خبر

ترک وزیر خارجہ کے ایران اور قطر کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے

ترک وزیر خارجہ کے ایران اور قطر کے اپنے ہم منصبوں سے رابطے

انقرہ( ترکیہ خبر) ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ایران اور قطر کے اپنے ہم منصبوں سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک وزارت خارجہ کے سفارتی ذرائع کے مطابق ہاکان فیدان نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گفتگو کے دوران عارضی جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقل امن کے قیام کے لیے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ذرائع کے مطابق فیدان نے کہا کہ ترکیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا کہ جنگ بندی ایک دیرپا اور پائیدار حل کی صورت اختیار کرے۔علیحدہ گفتگو میں ترک وزیر خارجہ نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی سے بھی رابطہ کیا، جس میں خطے میں عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے درکار اقدامات پر غور کیا گیا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے مذاکرات کے لیے 10 نکات پر مشتمل ایک قابل عمل تجویز پیش کی ہے۔ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے مطابق پاکستان کی ثالثی کے ذریعے امریکہ کو پیش کی گئی اس 10 نکاتی تجویز میں امریکہ کی جانب سے عدم جارحیت کی یقین دہانی، آبنائے ہرمز پر ایران کے کنٹرول کا تسلسل، یورینیم افزودگی کی اجازت اور تمام بنیادی و ثانوی پابندیوں کے خاتمے جیسے نکات شامل ہیں۔مزید برآں اس تجویز میں ایران کو ہرجانہ ادا کرنے، خطے سے امریکی جنگی افواج کے انخلا اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جنگ سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔