استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان منگل کے روز ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال اور آئندہ ممکنہ اقدامات پر بھی غور کیا تاکہ کشیدگی میں کمی لانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ایرانی حکام کے مطابق 28 فروری سے جاری فضائی کارروائیوں میں تین ہزار تین سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس کے ردعمل میں تہران نے اسرائیل، عراق، اردن اور خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملے کیے۔ بعد ازاں گزشتہ ہفتے دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان غیر معمولی براہِ راست مذاکرات بھی ہوئے جن کا مقصد جاری تنازع کا حل تلاش کرنا تھا، تاہم یہ بات چیت کسی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف ممکنہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات سے قبل سعودی عرب اور ترکیہ کا دورہ کریں گے تاکہ سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں مذاکرات کا دوسرا دور جلد اسلام آباد میں متوقع ہے، جس سے خطے میں امن کی نئی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔
ترک و پاکستانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، امریکا ایران مذاکرات پر مشاورت تیز
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ