ترکیہ کی جون برآمدات میں ریکارڈ 21.7 فیصد اضافہ
استنبول( ترکیہ خبر)ترکیہ نے جون کے دوران برآمدات کا تاریخی ریکارڈ قائم کر لیا، جبکہ درآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات نے جمعہ کو بتایا کہ جون میں ملک کی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین جون برآمدی مالیت اور مجموعی ماہانہ برآمدات میں تیسری بڑی سطح پر پہنچ گئیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جون میں ترکیہ کی برآمدات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21.7 فیصد بڑھ کر 24 ارب 92 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ترکیہ کے شماریاتی ادارے اور وزارت تجارت کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق درآمدات میں بھی سالانہ بنیادوں پر 23 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 35 ارب 29 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔جون کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 26.2 فیصد اضافے کے بعد 10 ارب 37 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ برآمدات اور درآمدات کا تناسب 70.6 فیصد رہا جو جون 2025 میں 71.4 فیصد تھا۔توانائی مصنوعات اور غیر مالیاتی سونے کو نکال کر دیکھا جائے تو برآمدات 23.2 فیصد اضافے کے ساتھ 23 ارب 30 کروڑ ڈالر جبکہ درآمدات 24.3 فیصد بڑھ کر 28 ارب 2 کروڑ ڈالر رہیں۔توانائی اور سونے کے بغیر تجارتی خسارہ 4 ارب 71 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برآمدات و درآمدات کا تناسب 83.2 فیصد رہا۔جون میں مجموعی برآمدات میں تیار شدہ مصنوعات کا حصہ 93.7 فیصد رہا، جبکہ زراعت، جنگلات اور ماہی گیری کا حصہ 3.5 فیصد اور کان کنی و پتھر نکالنے کے شعبے کا حصہ 2 فیصد رہا۔