ترکیہ کا شام میں فائر بندی اور مکمل انضمام معاہدے کا خیر مقدم

2 ماہ قبل
ترکیہ کا شام میں فائر بندی اور مکمل انضمام معاہدے کا خیر مقدم

ترکی( ترکیہ خبر)ترک محکمہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران نے شام میں جنگ بندی اور مکمل انضمام کے معاہدے کو صدر رجب طیب ایردوان کے 'دہشت گردی سے پاک خطہ' کے قیام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ دوران نے کہا کہ معاہدے کی شرائط پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی اور یہ پیش رفت صدر کی برسوں کی اصولی پالیسی اور انتباہات کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شام میں دیرپا استحکام نسلی اور فرقہ وارانہ گروپوں کے مساوی حقوق کی بنیاد پر ممکن ہے، اور ایک ایسا شام جو اپنی علاقائی سالمیت برقرار رکھے اور دہشت گرد تنظیموں سے پاک ہو، خطے میں امن کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ دوران نے حکومتِ شام کے اقدامات اور کوششوں کو اس حوالے سے اہم قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ ترکیہ میدانِ عمل اور مذاکراتی میز دونوں جگہوں پر ایک مضبوط فریق ہے۔ دہشت گرد گروہوں کے خلاف آپریشنز ترکیہ کی سرحدوں کے ساتھ محفوظ زون قائم کرنے میں مدد دے رہے ہیں جبکہ سفارتی کوششیں شام کے مستقبل کی تشکیل میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔ سربراہ مواصلات نے زور دیا کہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری ترکیہ کے لیے ناگزیر ہیں اور انقرہ امن اور استحکام کو اپنی پالیسی کا بنیادی ہدف سمجھتا ہے۔