لفکوشا میں حملہ ترکیہ کی شدید مذمت، حملہ امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

18 گھنٹے قبل
لفکوشا میں حملہ ترکیہ کی شدید مذمت، حملہ امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

استنبول( ترکیہ خبر)استنبول میں برہان الدین دوران نے لفکوشا کے بفر زون میں شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام خطے کے امن اور انسانی اقدار کے خلاف ہے۔بیان کے مطابق ای او کے اے سے وابستہ عناصر نے لفکوشا کے بفر زون میں واقع علاقے ییگتلر برج میں شہریوں پر پتھراؤ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا۔ترک حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی لفکوشا میں یکم اپریل کو اس تنظیم کی سالگرہ کے موقع پر جمع ہونے والے گروہوں نے شمالی قبرص کے علاقے میں موجود شہریوں کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران پتھر، ڈنڈے اور دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، جبکہ بعض حملہ آور نقاب پوش بھی تھے جو کارروائی کے بعد فرار ہو گئے۔برہان الدین دوران نے کہا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے والا یہ اشتعال انگیز اقدام بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، انہوں نے زور دیا کہ ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ اس صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترک قبرصی عوام کے امن اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔واقعے کے بعد طفان ارہرمَن نے بھی حملے کی مذمت کی اور اقوام متحدہ سمیت متعلقہ فریقین کے ساتھ سفارتی رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ای او کے اے تنظیم پچاس کی دہائی میں جارجیوس گریواس نے قائم کی تھی، جس کا مقصد قبرص کو برطانوی تسلط سے آزاد کر کے یونان کے ساتھ الحاق کرنا تھا، تاہم بعد ازاں اس تنظیم نے مخالفین کو بھی نشانہ بنایا۔