ترکیہ کی دفاعی کامیابی: اسپین 30 ترک ساختہ حر جیٹ طیارے خریدے گا

3 ماہ قبل
ترکیہ کی دفاعی کامیابی: اسپین 30 ترک ساختہ حر جیٹ طیارے خریدے گا

انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کی دفاعی صنعت کے لیے اہم پیش رفت، اسپین اور ترکیہ کے درمیان ترک ساختہ حر جیٹ طیاروں کی خریداری کا معاہدہ طے پا گیا۔رپورٹس کے مطابق اسپین کی فضائیہ 30 حر جیٹ طیارے حاصل کرے گی جبکہ ڈیل کی مجموعی مالیت تقریبا 2.6 ارب یورو ہے۔ یہ معاہدہ صرف طیاروں کی خریداری تک محدود نہیں بلکہ مکمل تربیتی پیکج، پائلٹس اور گرانڈ کریو کی تربیت، فلائٹ سمیولیٹرز، تکنیکی معاونت، اسپیئر پارٹس اور طویل المدتی لاجسٹک سپورٹ بھی شامل ہے۔حر جیٹ ترکیہ کا پہلا ملکی ساختہ جدید جیٹ ٹرینر اور لائٹ کمبیٹ ایئرکرافٹ ہے، جسے ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (TUSA) نے تیار کیا ہے۔ یہ جدید ایویونکس، سپرسونک رفتار اور پانچویں نسل کے جنگی طیاروں کی تربیت کے لیے موزوں صلاحیتوں کا حامل ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق اسپین جیسے یورپی یونین اور نیٹو رکن ملک کا یہ انتخاب ترکیہ کی دفاعی ٹیکنالوجی پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ حر جیٹ کی فراہمی 2028 کے بعد مرحلہ وار شروع ہونے کا امکان ہے۔یہ ڈیل نہ صرف ترکیہ کے لیے دفاعی برآمدات میں کامیابی ہے بلکہ یورپی دفاعی منڈی میں ترکیہ کی مضبوط انٹری کے طور پر بھی دیکھی جا رہی ہے، جو مستقبل میں مزید معاہدوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔