ترکیہ( ترکیہ خبر) نئے سال 2026 کا آغاز شدید سرد موسم اور ملک گیر برف باری کے ساتھ ہوا۔ جمعرات کو ملک کے 63 سے زائد شہروں میں برف باری ریکارڈ کی گئی، جن میں انقرہ اور استنبول بھی شامل ہیں، اگرچہ بڑے شہروں میں برف باری محدود رہی۔حکام نے 31 شہروں کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ برف باری اور بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور دیگر خطرات سے ہوشیار رہیں۔ ان شہروں میں آدانا، آغری، آرتوین، بنگول، بتلیس، الازیغ، ارزنجان، ارزورم، گیرسون، گوموش خانہ، حکاری، حاتائے، قارص، کوجایلی، ملاتیا، قہرمان مرعش، ماردین، موش، ریزے، سقاریہ، سیرت، ترابزون، تونجیلی، وان، زونگولداق، باتمان، شرناق، بارتن، اردہان، عثمانیہ اور دوزجہ شامل ہیں۔مشرقی شہر موش میں شدید برف باری کے باعث گاڑیاں مکمل طور پر برف میں دب گئیں اور آمدورفت معطل ہو گئی۔ نئے سال کی تعطیلات کے پیش نظر تعلیمی ادارے پہلے ہی بند تھے، تاہم شدید برف باری کی وجہ سے یہ تعطیلات جمعہ تک بڑھا دی گئیں۔وان میں دیہی علاقوں میں دو برفانی تودے گرنے کے حادثات پیش آئے، جن میں ایک معمر خاتون جاں بحق ہو گئی، اور تقریبا دو درجن گھروں کو احتیاطا خالی کرایا گیا۔ مشرقی اور جنوب مشرقی ترکیہ کے دور دراز علاقوں میں سینکڑوں دیہات اور محلوں کو جانے والی سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں، جس سے مقامی آبادی بڑے شہروں سے کٹی ہوئی ہے۔