ترکیہ سمیت اسلامی طاقتوں کی اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت

1 ماہ قبل
ترکیہ سمیت اسلامی طاقتوں کی اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت

ترکیہ( ترکیہ خبر)ترکیہ اور اسلامی دنیا کی نمایاں طاقتوں نے اسرائیل کے مغربی کنارے میں اپنی اتھارٹی بڑھانے کے غیر قانونی فیصلے کی سخت مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ ایسا اقدام خطے میں امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب غزہ امن معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد کی کوششیں جاری ہیں۔ترکیہ، مصر، اردن، انڈونیشیا، پاکستان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے یہ فیصلے غیر قانونی ہیں، جن کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بالادستی قائم کرنا، یہودی آبادکاری کو مضبوط بنانا اور نیا قانونی و انتظامی نظام نافذ کرنا ہے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی خودمختاری حاصل نہیں، اور اس کی پالیسیوں سے خطے میں تشدد اور تنازعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ تمام اقدامات کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ دو ریاستی حل کو کمزور کرتے ہیں اور فلسطینی عوام کے حقِ خودمختاری پر حملہ ہیں۔وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ اسرائیل کے یہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔