انقرہ( ترکیہ خبر)ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے آذربائیجان کے قرہ باغ میں خوجالی کے قصبے میں آرمینیائی افواج کے ہاتھوں ہونے والے اجتماعی قتل کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آذربائیجان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔بیان میں کہا گیا کہ خوجالی میں بے گناہ شہریوں کے خلاف کیے گئے مظالم انسانیت کے ضمیر پر ایک سیاہ داغ ہیں۔ اس سانحے میں شہید ہونے والے 613 افراد میں 106 خواتین، 63 بچے اور 70 بزرگ شامل تھے۔ متعدد افراد زخمی ہوئے، کئی لاپتا ہوئے اور کچھ خاندان مکمل طور پر ختم ہو گئے۔ترکیہ نے خوجالی کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی اور آذربائیجان کے عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق اس سانحے کے اثرات آج بھی دلوں پر بوجھ بنے ہوئے ہیں۔اس کارروائی میں آرمینیائی افواج نے بھاری توپ خانے اور ٹینکوں کے ذریعے قرہ باغ کے علاقے پر قبضہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں تقریباً دو گھنٹے کے دوران 613 شہری ہلاک، 487 شدید زخمی، اور 1,275 افراد قید ہوئے، جن میں سے تقریباً 150 آج بھی لاپتا ہیں۔