ترکیہ خبر

ترکیہ اور اردن کے درمیان علاقائی صورتحال اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

ترکیہ اور اردن کے درمیان علاقائی صورتحال اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

استنبول( ترکیہ خبر) ترک پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین اور ان کے وفد نے اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی سے ملاقات کی ہے جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک رہنما فوآت اوکتائے کے مطابق ملاقات اردن کی وزارت خارجہ میں ہوئی جس میں فلسطین کی صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی، اسرائیل کے لبنان پر حملوں اور شام کی موجودہ صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں استحکام کے لیے عملی اقدامات اور مشترکہ منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانا ضروری ہے۔ خاص طور پر ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری اور رابطوں کے منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور دیا گیا۔مذاکرات میں ترکیہ اور اردن کے درمیان اقتصادی تعلقات بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع وسیع کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔دونوں فریقین نے پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، جبکہ اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون ناگزیر ہے۔