انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ اور انڈونیشیا نے سلامتی، دفاعی صنعت، معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان اور وزیرِ دفاع یاشار گولر 9 جنوری کو انقرہ میں انڈونیشیا کے وزیرِ خارجہ سوگیونو اور وزیرِ دفاع سجا فری سجامسو الدین کے ساتھ مشترکہ اجلاس کریں گے۔یہ ملاقات فروری 2025 میں منعقد ہونے والی ترکیہ،انڈونیشیا اعلیٰ سطحی کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں ہو رہی ہے، جس کا مقصد سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ سلامتی، دفاعی صنعت، معیشت اور تجارت میں تعاون کو مزید گہرا کرنا ہے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا، دفاعی صنعت میں پیش رفت، مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے امکانات پر بات ہوگی۔مذاکرات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری ہونے کی توقع ہے، جبکہ ترک وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت کے مضبوط عزم نے تعلقات کو نئی رفتار دی ہے۔ ترکیہ نے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم بھی دہرایا۔مزید برآں، دونوں ممالک عالمی اور علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے، اور او آئی سی اور عرب لیگ کے غزہ رابطہ گروپ کے رکن ہونے کے ناطے غزہ کے معاملے پر ہم آہنگی اور قریبی رابطے کو اجاگر کیا جائے گا۔
ترکیہ اور انڈونیشیا دفاع، معیشت اور تجارت میں تعاون بڑھانے پر متفق
2 ماہ قبل