ترکی اور مصر میں غزہ جنگ بندی اور علاقائی صورتحال پر مشاورت
انقرہ( ترکیہ خبر)ترکی کی قومی انٹیلی جنس تنظیم کے سربراہ ابراہیم قالن نے منگل کے روز انقرہ میں مصر کی جنرل انٹیلی جنس سروس کے سربراہ حسن رشاد سے ملاقات کی، جس میں غزہ کی صورتحال اور مختلف علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے اور مبینہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دونوں فریقوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ملاقات کے دوران ابراہیم قالن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترکی ہمیشہ کی طرح فلسطینی عوام کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مشرقی اور مغربی لیبیا کی انتظامیہ اور فوجی قوتوں کو ایک متحدہ نظام کے تحت لانے کی کوششوں، صومالیہ کی صورتحال اور سوڈان میں جاری جھڑپوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔