یروان( ترکیہ خبر) ترکی اور آرمینیا نے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے قدیم اینی پل کی مشترکہ بحالی کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔یہ معاہدہ آرمینیا کے دارالحکومت یروان میں منعقدہ 8ویں یورپی سیاسی کمیونٹی سمٹ کے موقع پر ہوا، جہاں آرمینیائی وزیراعظم نکول پشینیان اور ترکی کے نائب صدر جےودت یلماز کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں نے اس تاریخی پل کی بحالی کے منصوبے پر دستخط کیے، جو ترکی اور آرمینیا کی سرحد پر واقع ہے۔ترکی کے نائب صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات، ٹرانسپورٹ، کسٹمز، توانائی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تفصیلی غور کیا۔انہوں نے کہا کہ اینی پل کی بحالی کا منصوبہ ایک “علامتی اور عملی تعاون” کی مثال ہے، جو خطے میں اعتماد، استحکام اور دیرپا امن کے فروغ میں مدد دے سکتا ہے۔ترک نمائندے سر دار کِلیچ اور آرمینیائی نمائندے روبن روبینیان نے بھی معاہدے پر دستخط کیے۔ترکی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جنوبی قفقاز میں معاشی تعاون اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آرمینیا کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے عمل کو جاری رکھے گا۔
ترکی اور آرمینیا میں تاریخی اینی پل کی بحالی کا معاہدہ، تعلقات میں بہتری کی سمت اہم قدم
واپس خبروں پر
Category:
ترکیہ