استنبول ( ترکیہ خبر) ترکی اور آرمینیا نے علاقائی ٹرانسپورٹ روابط کو بہتر بنانے کے لیے کارس-گیومری ریلوے کی بحالی اور اسے جلد از جلد فعال کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ترکی کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس ترکی کے مشرقی صوبے کارس میں 28 اپریل کو منعقد ہوا، جس میں ریلوے کی بحالی اور آپریشنل بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان جاری تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کے تحت منعقد کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ریلوے کو جلد فعال کرنا خطے میں ٹرانسپورٹ اور اقتصادی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ماہرین کے مطابق اس پیش رفت کو جنوبی قفقاز کے خطے میں رابطوں اور تعاون کے فروغ کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔