ٹرمپ کا فلائی دبئی واقعے پر نیتن یاہو سے رابطہ، مسافر کی بہادری کو سراہا
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا ہے کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے سنگین واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کی ہے،اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے پرواز کے پائلٹ اور اسرائیلی مسافروں کی بہادری کو سراہا۔ان کے مطابق نیتن یاہو نے انہیں بتایا کہ دورانِ پرواز معاون پائلٹ نے کپتان پر چاقو سے حملہ کیا اور بظاہر طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم واقعے کی اصل وجہ اور محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔ٹرمپ کے مطابق طیارے کے ہنگامی صورتحال سے دوچار ہونے کے بعد ایک اسرائیلی مسافر، جو پیشے کے اعتبار سے پلمبر تھا، کاک پٹ میں داخل ہوا اور طیارے کو قابو میں رکھنے میں مدد دی۔ دیگر مسافروں اور عملے نے بھی حملہ آور کو قابو کرنے میں کردار ادا کیا،صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ تفصیلات انہیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر افراد سے موصول ہوئی ہیں۔ پرواز کو ہنگامی طور پر سعودی عرب کے شہر تبوک میں اتارا گیا، جہاں تمام مسافر محفوظ رہے۔