سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل امیدواروں کی چوتھی رائے شماری مکمل کرلی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نئے سیکرٹری جنرل کے امیدواروں کی حمایت جانچنے کے لیے چوتھا غیر رسمی خفیہ ووٹنگ مرحلہ مکمل کرلیا۔ستمبر کے لیے سلامتی کونسل کے صدر اور اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر جیروم بونافون نے بتایا کہ امیدواروں کے بارے میں رائے شماری مکمل ہوچکی ہے۔ان کے مطابق ہر امیدوار کو نتائج سے متعلق اس کے نامزد کنندہ ملک کے مستقل نمائندے کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کو بھی ووٹنگ کے بارے میں اطلاع دی جائے گی۔سلامتی کونسل کی یہ خفیہ رائے شماری امیدواروں کے لیے ارکان کی حمایت اور ان کی اہلیت کا ابتدائی جائزہ لینے کے لیے بند کمرے میں ہوتی ہے، تاہم اس کے نتائج باضابطہ طور پر جاری نہیں کیے جاتے۔سابق چلی کی صدر مشیل بیچلیٹ کی دستبرداری کے بعد اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے منصب کے لیے اب سات امیدوار میدان میں ہیں۔امیدواروں میں کوسٹاریکا کی سابق نائب صدر ریبیکا گرینسپین، اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل مندوب کیرولین روڈریگز برکٹ، ایکواڈور کی سابق وزیر ایوون اے بکی، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سابق صدر ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی، یوگنڈا کے سابق اعلیٰ اقوام متحدہ عہدیدار اولارا اوتوننو اور سینیگال کے سابق صدر مکی سال شامل ہیں۔