باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے میٹرو نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ٹرین سروس عارضی طور پر معطل ہو گئی اور متعدد اسٹیشنوں پر مسافروں کو احتیاطی طور پر نکال لیا گیا، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔کمپنی “باکو میٹروپولیٹن” کے مطابق یہ واقعہ دوپہر تقریباً 12 بج کر 10 منٹ پر “اولدوز” اور “ناریمانوف” اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، جہاں ہائی وولٹیج نظام میں خرابی کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت جزوی طور پر روک دی گئی۔احتیاطی اقدام کے طور پر حکام نے “اولدوز” اور “ناریمانوف” اسٹیشنز کو خالی کروا لیا جبکہ کچھ وقت کے لیے دیگر اسٹیشنز تک رسائی بھی معطل رہی۔ بعد ازاں سرنگ میں پھنسے کچھ ٹرین مسافروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔میٹرو حکام کے مطابق اس واقعے کے دوران مسافروں اور عملے کی حفاظت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوا۔ تکنیکی ٹیمیں خرابی کی وجوہات معلوم کرنے اور بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مرمتی کام مکمل ہونے کے بعد نظام کو معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا۔