طلال چوہدری کا انقرہ دورہ: سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

1 ماہ قبل
طلال چوہدری کا انقرہ دورہ: سکیورٹی اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

انقرہ ( تر کیہ خبر)انقرہ میں پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کیا، جس کے دوران سکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کے شعبوں میں ترکیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔وزیرِ مملکت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد میں سیکریٹری داخلہ اور وزارتِ داخلہ کے اہم شعبہ جات کے سربراہان شامل تھے۔ دورے کے دوران پاکستانی وفد نے منیر کرالوغلو اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ مشترکہ اجلاس کیا، جس میں دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وفد نے ترکیہ کے پولیس، انسدادِ دہشت گردی، امیگریشن اور انسدادِ منشیات کے محکموں کا بھی دورہ کیا، جہاں عملی تعاون کو بہتر بنانے اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر بات چیت کی گئی۔رمضان المبارک کے موقع پرطلال چوہدری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، سکیورٹی اور مؤثر نتائج کے حصول کے لیے ترکیہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ترکیہ گزشتہ برسوں سے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، خصوصاً داعش اور پی کے کے جیسے گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔ پاکستان بھی داعش اور تحریک طالبان پاکستان کے خلاف سرگرم ہے اور اس ضمن میں ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔وزیرِ مملکت کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تجارت، دفاع، توانائی، رابطہ سازی اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔