استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے معروف ٹیکنالوجی اور کاروباری سرگرمیوں کے ایونٹ ٹیک آف سمٹ کو عالمی سطح پر وسعت دیتے ہوئے اس سال ازبکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔یہ اہم تقریب 3 اور 4 جون کو ازبکستان کے تاریخی شہر سمرقند میں منعقد ہوگی، جس کا مقصد ابھرتی ہوئی معیشتوں، عالمی سرمایہ کاروں اور فیصلہ سازوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا ہے۔ٹیک آف سمٹ کا آغاز 2018 میں ٹیکنو فیسٹ کے پلیٹ فارم کے تحت کیا گیا تھا، جس کی قیادت ترکیہ ٹیکنالوجی ٹیم فاؤنڈیشن نے وزارت صنعت و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے کی۔ وقت کے ساتھ یہ ایونٹ ایک مقامی نمائش سے ترقی کرتے ہوئے عالمی سطح پر اسٹارٹ اپس کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔اس سمٹ میں دنیا بھر کے سو سے زائد ممالک سے سرمایہ کار فنڈز، بڑی کمپنیوں کے سربراہان، تربیتی ادارے اور نئے کاروباری منصوبے شریک ہوتے ہیں، جہاں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع پیدا کیے جاتے ہیں۔منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کے ذریعے نہ صرف سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دیا جاتا ہے بلکہ اب تک لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور اہم شراکت داریاں بھی ممکن بنائی جا چکی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل یہ ایونٹ آذربائیجان کے شہر باکو میں بھی منعقد ہو چکا ہے، جبکہ سمرقند میں انعقاد کو وسطی ایشیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹ تک رسائی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔