ترکیہ خبر

اسرائیل کو اقوام متحدہ سے معطل کیا جائے ترک

اسرائیل کو اقوام متحدہ سے معطل کیا جائے ترک


استنبول( ترکیہ خبر)ترک پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان کُرتلمش نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کیلئے سزائے موت کا بل پیش کرنا اور دیگر اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔استنبول میں انٹر پارلیمانی یونین کی 152ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں عالمی برادری نے نسلی امتیاز کے خلاف اقدامات کیے تھے اور 1974 میں جنوبی افریقہ کی رکنیت معطل کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ اسی نوعیت کا سلوک کر رہا ہے، جس میں مغربی کنارے میں سزائے موت نافذ کرنے کے منصوبے اور فوجی عدالتوں کے فیصلے شامل ہیں۔نعمان کُرتلمش نے سوال اٹھایا کہ “کیا ایک ہی ملک میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کیلئے الگ الگ قوانین نافذ کرنا کھلا نسلی امتیاز نہیں؟”انہوں نے اقوام متحدہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ حالیہ تنازعات، خصوصاً غزہ میں جاری تشدد کو روکنے میں ناکام رہا ہے اور اب طاقتور ممالک کی خواہشات کے مطابق چلنے والا ادارہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد اسرائیل کی کارروائیاں نسل کشی کی سطح تک پہنچ چکی ہیں، تاہم عالمی نظام انہیں روکنے میں ناکام نظر آتا ہے۔ترک اسپیکر نے خطے میں پھیلتی کشیدگی پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی جنگ اب پورے خطے میں پھیل چکی ہے، اور سوال یہ ہے کہ اسے کون روک سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حکمرانی کا نظام ناکام ہو چکا ہے اور اگرچہ ادارے موجود ہیں، لیکن وہ عملی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے۔