استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ سمیت 12 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے عالمی صمود انسانی ہمدردی فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فلوٹیلا ایک پرامن شہری انسانی ہمدردی کا اقدام تھا جس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران کی طرف عالمی توجہ دلانا تھا۔بیان میں ترکیہ، برازیل، اردن، پاکستان، اسپین، ملائیشیا، بنگلہ دیش، کولمبیا، مالدیپ، موریطانیہ، جنوبی افریقہ اور لیبیا کے وزرائے خارجہ شامل تھے۔وزرائے خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں امدادی جہازوں پر حملے اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست بین الاقوامی قانون اور انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے شہری کارکنوں کی سلامتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی حکام سے فوری طور پر ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔بیان میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری، شہریوں کے تحفظ اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جوابدہ بنانے کے لیے اپنے اخلاقی اور قانونی فرائض پورے کرے۔