انقرہ( ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ اسکولوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔کابینہ اجلاس کے بعد قوم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کے رجحان سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانا ضروری ہے، جس میں خاندانی نظام، تعلیمی اداروں اور ڈیجیٹل ذرائع کا کردار بھی شامل ہے۔صدر اردوان نے کہا کہ حکومت تشدد کو جنم دینے والے عوامل کی نشاندہی کر کے ان کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ معاشرے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آن لائن نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو بھی وسعت دی جائے گی تاکہ ڈیجیٹل سرگرمیوں کی بہتر نگرانی ممکن ہو سکے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہہ رامان ماراش کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں نو افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوئے تھے۔صدر نے کہا کہ حکومت اسکولوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنائے گی اور نئے حفاظتی ماڈلز متعارف کرائے جائیں گے۔انہوں نے والدین اور تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے، ڈیجیٹل نشے کے خلاف ہیلپ لائنز قائم کرنے اور طلبہ کی رہنمائی کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔