استنبول( ترکیہ خبر) ترکی کے شہر استنبول میں دفاعی، فضائی اور خلائی صنعت کی بڑی نمائش انٹرنیشنل ڈیفنس، ایرو اسپیس اینڈ اسپیس انڈسٹری فیئر کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کا انعقاد SAHA Istanbul کے زیر اہتمام کیا جا رہا ہے۔یہ پانچ روزہ ایونٹ استنبول ایکسپو سینٹر میں منعقد ہو رہا ہے، جو مجموعی طور پر 4.3 ملین مربع فٹ کے وسیع رقبے پر محیط ہے، جس میں 20 ہزار مربع میٹر بیرونی نمائشی ایریا بھی شامل ہے۔منتظمین کے مطابق اس نمائش کا ہدف کم از کم 8 ارب ڈالر کے ایکسپورٹ معاہدے حاصل کرنا ہے، جبکہ 164 دستخطی تقریبات بھی طے ہیں۔ایونٹ میں 140 سے زائد سرکاری وفود، 800 سے زیادہ نمائندے، اور 200 سے زائد تجارتی وفود شرکت کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 120 سے زائد ممالک سے 30 ہزار سے زیادہ دفاعی اور صنعتی ماہرین اور 2000 سے زائد کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 263 بین الاقوامی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔نمائش کے دوران 30 ہزار سے زائد B2B (بزنس ٹو بزنس) ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن کا مقصد نئے تجارتی معاہدے، سپلائی چین روابط اور اسٹریٹجک پارٹنرشپس کو فروغ دینا ہے۔یہ ایونٹ دفاعی صنعت میں عالمی تعاون اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔