انقرہ( ترکیہ خبر) کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے صدارتی محل میں محکمہ امورِ دینیہ (دیانت) کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر صفی آرپاگوش اور ان کے ہمراہ اعلی مذہبی و انتظامی عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کی۔ یہ اجلاس ریاستی اداروں اور مذہبی قیادت کے درمیان تعاون اور رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، اجلاس میں جاری منصوبوں، معاشرے میں مذہبی اداروں کے کردار کو مزید مثر بنانے، اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر صفی آرپاگوش مرمرہ یونیورسٹی کے فیکلٹی آف تھیالوجی میں تصوف کے پروفیسر رہ چکے ہیں اور 2021 سے 2025 تک استنبول کے مفتی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 18 ستمبر 2025 کو دیانت کے سربراہ کا منصب سنبھالا، جہاں انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر علی ارباش کی جگہ لی۔اس اعلی سطحی ملاقات کو ترکیہ میں ریاستی پالیسیوں اور مذہبی قیادت کے درمیان ہم آہنگی، داخلی سماجی چیلنجز سے نمٹنے، اور قومی یکجہتی کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔