پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کا فیصلہ، جیو نیوز کیس پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب
لاہور( تر کیہ خبر) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کا اجلاس 30 جون کو منعقد ہوا، جس میں جیو نیوز کے خلاف دسویں محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق معاملہ زیر غور آیا۔اجلاس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس پر غور کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذکورہ نشریات پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تناظر میں کارروائی کی جائے۔کونسل آف کمپلینٹس نے فیصلہ کیا کہ حتمی سفارشات مرتب کرنے سے قبل اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے حاصل کی جائے تاکہ مذہبی و آئینی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جا سکے۔اجلاس کے دوران سوال اٹھایا گیا کہ آیا پیمرا کی جانب سے لائسنس معطلی کی کارروائی اور جیو نیوز کی طرف سے پیش کی گئی معذرت اور اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔کونسل نے اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور اصولوں کی روشنی میں ایک ہفتے کے اندر اپنی رائے فراہم کرے۔اجلاس میں جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے اور ادارے کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا، ساتھ ہی لائسنس معطلی ختم کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔کونسل نے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت معقول پابندیوں سے مشروط ہے، خصوصاً جب معاملہ مذہبی جذبات اور اسلام کی عظمت سے متعلق ہو۔مزید کہا گیا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے یہ بھی رہنمائی طلب کی گئی ہے کہ آیا موجودہ اقدامات—جیسے نشریات کی معطلی اور ادارے کی معذرت—کافی ہیں یا مزید قانونی و انتظامی کارروائی کی ضرورت ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی رائے 8 جولائی 2026 تک پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کو ارسال کرے، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔