پاکستانی خلاباز کی خلا سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے براہِ راست گفتگو

پاکستانی خلاباز کی خلا سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے براہِ راست گفتگو

اسلام آباد (ترکیہ خبر) پاکستان کے پہلے خلاباز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی نے خلا سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ براہِ راست رابطہ کیا۔ اس موقع پر ملکی سیاسی اور عسکری قیادت نے خلائی اسٹیشن میں موجود پاکستانی خلاباز سے گفتگو کی۔چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کے روز چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود محمد ذیشان علی سے بات چیت کی۔ یہ رابطہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے مرکزی دفتر میں قائم انتظامات کے تحت کیا گیا۔یہ پیش رفت پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو زمین کے مدار میں موجود اپنے خلاباز سے براہِ راست گفتگو کا موقع ملا۔واضح رہے کہ محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ اس مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شریک ہیں اور چین کے 2 خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات بھی انجام دے رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ خرد ثقلی ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.