اپنی جماعت کو بھی میرے وزیرِ اعلیٰ بننے پر خدشات تھے، مریم نواز
لاہور (ترکیہ خبر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 3 سال قبل کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے کی قیادت ایک خاتون سنبھال سکتی ہے۔ ان کے مطابق ان کی اپنی جماعت کے رہنماؤں اور حتیٰ کہ شہباز شریف کو بھی ان کے وزیرِ اعلیٰ بننے پر تحفظات اور خدشات تھے، تاہم آج انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوا لیا ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ اپنا کاروبار خود چلاتی ہیں اور انہیں مالی ضروریات کے لیے کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں۔ ان کے والد ان کا بہت خیال رکھتے ہیں، لیکن انہیں ان سے بھی کچھ مانگنے کی حاجت نہیں پڑتی۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اداروں میں وائس چیئرمین اور پرنسپل سمیت تمام عہدوں پر تقرریاں سفارش کے بجائے میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔ ان کے بقول اعلیٰ سطح پر سفارش کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے اور اب تقرریوں میں جنس کے بجائے اہلیت کو ترجیح دی جاتی ہے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے صوبے کو بچیوں اور خواتین کے لیے محفوظ بنانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک خاتون پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کسی نے تبصرہ کیا کہ اگر ایسا واقعہ پنجاب میں پیش آتا تو مریم نواز فوری کارروائی کرتیں۔مریم نواز نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ترغیب نہیں دی، تاہم جہاں کسی کے ساتھ زیادتی یا تکلیف کا معاملہ ہوگا، وہاں کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بچیوں کو ہدایت کی کہ جنہوں نے ابھی تک خواتین کے تحفظ سے متعلق موبائل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ نہیں کی، وہ اسے ضرور حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سی لڑکیاں گھریلو پابندیوں یا دیگر وجوہات کے باعث پولیس اسٹیشن نہیں جا سکتیں، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے متبادل سہولتوں کا انتظام کرنا ضروری ہے۔